رمضان المبارک کا دوسرے جمعہ خوش اسلوبی سے ادا ہوا

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2021
  رمضان المبارک کا  دوسرا  جمعہ
رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ

 

 

 فیروز خان/ دیوبند

رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کے موقع پر دیوبند کی تمام اہم مساجد میں روزہ داروں نے نہایت خشوع وخضوع کے ساتھ کووڈ پروٹوکول کے مطابق پوری احتیاط اور حکومت و انتظامیہ کی جانب سے جاری گائڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے نماز جمعہ ادا کی ۔ کورونا انفیکشن سے بچاو کے لئے تمام مساجد کو سینی ٹائز کیا گیا اور تمام مساجد میں نمازیوں کے لئے بھی سینی ٹائزر کے انتظامات کئے گئے تاکہ غفلت کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے ،رمضان المبارک کے موقع پر ہر جمعہ کو نماز کے بعد ہونے والے وعظ اور رمضان کے مسائل پر ہونے والی تقاریر کو زیادہ تر مساجد میں معطل رکھا گیااور چند مسجدوں میں اصلاح معاشعرہ اور مضان کے مسائل پربہت اختصار سے گفتگو کی گئی تاکہ لوگوں کی بھیڑ جمع نہ ہو ،باوجود اس کے مسجدوں کی خطیبوں و اماموں نے نماز کے بعد پورے عالم خاص طور پر اپنے وطن عزیز کے لئے مہلک مرض کورونا سے نجات کی دعا ءکی ۔

دیوبند کی مرکزی جامع مسجد میں انجمن فلاح المسلمین کے قومی صدر اور دارالعلوم وقف کے استاذ مولانا مفتی عارف قاسمی نے ، دارالعلوم کی مسجد رشید میں جمعیتہ علماءہند(م) کے قومی صدر قاری محمدعثمان منصورپوری کے صاحبزادہ مولانا مفتی عفان منصورپوری نے ،دارالعلوم کی چھتہ مسجد اورمسجدشیر شاہ پٹھانپورہ میں پیش امام نے ،مسجد قاضی میں دارالعلوم دیوبند کے استاذ مولانا سلمان بجنوری نے اور دارالعلوم کی مسجد قدیم میںدارالعلوم دیوبند کے قائم مقام مہتمم قاری محمدعثمان منصورپوری کے صاحبزادہ مولانا ذکوان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی، جب کہ جی ٹی روڑ پر واقع دار العلوم زکریا کی مسجد میں ادارہ کے استاذ قاری فرخ عظیم نے نماز جمعہ ادا کرائی۔بعد نماز جمعہ جامعتہ الشیخ حسین احمد المدنی خانقاہ دیوبند کے مہتمم مولانا مزمل علی قاسمی نے رمضان المبارک کی برکات اور روزہ کی فضیلت بیان کی جبکہ دارالعلوم زکریا دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے مسجد زکریا میں جمعہ کے دن اور ذکر اذکار پر روشنی ڈالی۔

مولانا مزمل علی قاسمی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر کا مہینہ ہے کیونکہ اس ماہ میں انسان اپنی تمام نفسانی خواہشات کو ترک کرکے اللہ کی خوشنودی لئے روزہ کی حالت میں رہتا ہے ۔ قرآن کریم میں بھی ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ بندوں پر روزے اس لئے فرض کئے گئے ہیں تاکہ تم اللہ کے فرمان کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرو ، مولانامزمل علی قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے روزے کے آداب بھی طے کئے ہےںان آداب کی تکمیل کے بغیر روزہ مکمل نہیں ہو سکتا مثلاً روزہ کی حالت میں غصہ کی کیفیت پیدا ہونا اورکسی کو برا بھلا کہنا لیکن اگر دل میں یہ احساس پیدا ہو جائے کہ ایک روزہ دار کےلئے یہ سب مناسب نہیں تو دل میں خو دبہ خود یہ احساس پیدا ہو جائے گا ۔

مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے جمعہ کے دن کی اہمیت اور فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے دن کو اللہ نے دوسرے دنوں کا سردار قرار دیا ہے ۔اس لئے جمعہ کی اہمیت اور افادیت بھی الگ ہی رکھی ہے ،جمعہ کے دن اللہ نے ایک ایسی گھڑی رکھی ہے جس میں اللہ کے بندہ کی دعاءضرور قبول ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض حضرات اس گھڑی کو جمعہ کی ا ذان سے لیکر نماز مکمل ہونے کے درمیان قرار دیتے ہیں جبکہ کچھ حضرات عصر کی نماز سے لیکر مغرب کی نماز تک اس گھڑی کے ہونے کو بتاتے ہیں۔مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے کہا کہ جمعہ کی خصوصیت آج بھی موجود ہے اللہ کے نبی نے جمعہ کے دن نماز میں شریک ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کا انتظار مسجد میں جاکر کرنا چاہیے ۔جمعہ کی فضیلت حاصل کرنے کے لئے نماز کا انتظار ضروری ہے مولانا نے کہا کہ اللہ نے قیامت کو بھی جمعہ کے دن کے لئے متعین کررکھا ہے ۔